فوج کی اعلی کمان انتہائی قابل پیشہ ور فوجی کو سونپے جانے کافیصلہ قابل تحسین ہے۔ افتخار علی ملک

سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر افتخار علی ملک نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیرکو چیف آف آرمی سٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر کرنے کے فیصلے پرانہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوج کی اعلیٰ کمان انتہائی قابل پیشہ ور فوجی افسران کو سونپے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جمعرات کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد سے ہی مسلح افواج نے ملکی سالمیت اور قومی تعمیر کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کی بڑی وجہ فوج کی پیشہ ورانہ اہلیت اور بلند حوصلے ہیں۔

مسلح افواج کو عوام کی بھر پور حمایت حاصل رہی ہے جس سے انہوں نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے بھارتی عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج مختلف بحرانوں اور قدرتی آفات کے دوران مدد کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہی ہیں۔ 2005 میں تباہ کن زلزلے اور دیگر آفات کے دوران ان کا کردار مثالی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سخت موسم کا مقابلہ کرتے ہوئے سیاچن کی بلندیوں سے تھر کے صحرائوں تک دفاع وطن میں قربانیاں ان کی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا زندہ ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات ہوں، زلزلہ ہو، سیلاب ہو یا جنگلات میں لگنے والی آگ، مسلح افواج نے ہمیشہ فوری ریلیف اور مدد فراہم کر کے عوام کی مشکلات کو کم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

افتخار علی ملک نے کہا کہ چاہے سی پیک میں چین کے ساتھ شراکت داری ہو یا امریکا کے ساتھ تعلقات اور افغانستان میں امن واستحکام، حالیہ برسوں میں جیو اکنامک اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے عسکری قیادت علاقائی روابط کی بڑی حامی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بری، بحری اور فضائیہ تینوں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور انٹر سروسز ہم آہنگی اس کی مستقبل کی کامیابیوں کی علامت رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں