وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے پاکستان میں جنوبی افرریقہ کے ہائی کمشنر سےملاقات دوطرفہ تجارت پر تبدل خیال

وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے پاکستان میں جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر ایم مدکیز انے نے منگل کو انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں تیسری پاکستان افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش پر خصوصی توجہ کے ساتھ پاکستان جنوبی افریقہ دو طرفہ تجارت کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ا س موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید نوید قمر نے بتایا کہ وزارت تجارت اور سرمایہ کاری 29 نومبر سے یکم دسمبر 2022ء تک جوہانسبرگ، جنوبی افریقہ میں تیسری پاکستان افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش کا انعقاد کر رہی ہے۔پاکستان سے تقریباً 225 نمائش کنندگان اور کاروباری مندوبین پر مشتمل ایک وفد جو کہ دواسازی، ٹریکٹر/زرعی مشینری، انجینئرنگ کے سامان، کھیلوں کے سامان اور کیمیکل سمیت بیس بڑے شعبوں کی نمائندگی کرتا ہے، تیسری پاکستان افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش میں شرکت کے لیے جوہانسبرگ کا دورہ کر رہا ہے۔

سنگل کنٹری نمائش میں لگ بھگ 130 کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی۔ساؤتھ افریقن ڈیولپمنٹ کمیونٹی کے 16 رکن ممالک کے عہدیداروں اور کاروباری شخصیات کو کانفرنس میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔ کانفرنس میں جنوبی افریقہ کے معززین بھی شرکت کریں گے جن میں جنوبی افریقہ کے وزیر تجارت و صنعت شامل ہیں جنہیں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا ہے۔2017 ء میں شروع کئے گئے لک افریقہ انیشی ایٹو کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سید نوید قمر نے سائوتھ افریقہ کے ہائی کمشنر کے ساتھ جنوبی افریقہ کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

سید نوید قمر نے کہا کہ پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور لک افریقہ پالیسی اقدام کے تحت دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا منتظر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ (جولائی تا جون) 22۔2021 ء کے دوران کل تجارت 2074.72 ملین ڈالر رہی جس میں سے 238.82 ملین ڈالر کی برآمدات اور جنوبی افریقہ سے 1835.90 ملین ڈالر کی درآمدات رہیں جو کہ دونوں ممالک کی حقیقی تجارتی صلاحیت سے مماثلت نہیں رکھتی۔

انہوں نے کہا کہ تجارت بڑھانے کیلئے چیزوں کو سٹریم لائن کرنے ضرورت ہے اور وقت اور پیسہ بچانے کے لئے براہ راست طریقہ کار اور راستے تلاش کرنے کی اشد ضروری ہے۔جنوبی افریقی ہائی کمشنر ایم مدکیزا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تیسری پاک افریقہ تجارتی ترقی کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد میں اپنی حکومت کی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا۔

ہائی کمشنر نے خاص طور پر آم کی درآمدات، ادویات، تعلیم، کپاس اور جنگلی جانوروں کی تجارت کے حجم کو بڑھانے میں گہری دلچسپی کا ظاہر کی۔ بعد ازاں دونوں فریقوں نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں