شوگر ملزکو اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت مل گئی

حکومت کی جانب سے شوگر ملزکو اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت مل گئی۔

وزارت صنعت وپیداوار اور شوگر مل مالکان کے درمیان اضافی (سرپلس) چینی برآمد کرنے کے حوالے سے معاملات طے پاگئے۔ پہلے مرحلہ میں 3 سے 5 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے، مزید 5 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت مارکیٹ میں چینی کی دستیابی کی صورتحال دیکھ کر دی جائے گی۔

شوگر ملز کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ وہ چینی کی قیمت میں فوری طور پر 12 سے 15 روپے فی کلو اضافہ نہیں کریں گے، یہ اضافہ مرحلہ وار کیا جائے گا اور اس حوالے سے دسمبر کے بعد حکومت کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ چینی کی برآمد سے ملک کو ایک ارب ڈالرز زرمبادلہ ملنے کا امکان ہے۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ  ان کے پاس اس وقت 13 لاکھ ٹن سرپلس چینی موجود ہے اور گنے کی کرشنگ کا نیا سیزن بھی شروع ہونے والا ہے، کسانوں سے آئندہ سیزن میں گنا خریدنے  کے لیے ملوں کو 800 ارب روپے درکار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں