1لاکھ ڈالرز تک ایل سیز رواں ہفتے کھل جائیں گی، گورنر اسٹیٹ بینک

ورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ درآمد کنندگان کے لیے ایک لاکھ ڈالرز تک کی ایل سیز رواں ہفتہ کھل جائیں گی۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے آئی بی اے کراچی مین کیمپس میں منعقدہ فنانس لیب کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ در آمد کنندگان کے لیے ایک لاکھ ڈالرز تک کی ایل سیز رواں ہفتہ کھل جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈالر کی بلیک مارکیٹنگ کے سلسلہ میں 8سے زائد بینکوں سے تحقیقات جاری ہیں اور امکان ہے کہ یہ عمل رواں ماہ مکمل کرلیا جائیگا۔

ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کے حوالے سے گورنر کا کہنا تھا کہ اس وقت سرکاری زرمبالہ کے ذخائر7.9ارب ڈالرز کی سطح پر ہیں،تاہم امید ہے کہ غیر ملکی قرضوں کی ری فنانسنگ کے بعد آنے والے دنوںمیں زرمبادلہ ذخائر میں بہتری آئیگی۔

قبل ازیں گورنر اسٹیٹ بینک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک ڈیجیٹائز ہورہا ہے، اسٹیٹ بینک اوپن بینکنگ کی طرف پیش رفت کررہا ہے، آئی بی اے کو فنانشل لیب شروع کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آئی بی اے لیب فنانشل لٹریسی پر کام کرے تاکہ معاشی ترقی میں سب کی شمولیت ہوسکے، ٹریڈرز کے ساتھ تعاون بڑھائیں، سیونگز بڑھانے پر توجہ دیں، ایکویٹی مارکیٹ ہی نہیں بلکہ فارن ایکسچینج اور منی مارکیٹ پر بھی توجہ دیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر اکبر زیدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فنانشل لیب منڈیوں سے منسلک ہوکر بزنس ماڈل دے گی۔ طلبہ اس سے فائدہ اْٹھاتے ہوئے عالمی صورتحال کو سمجھنے کی صلاحیت بڑھائیں۔

ڈاکٹر صداقت نے کہا کہ  فنانس لیب طلبہ کو حقیقی دنیا میں فنانس کے علم کے اطلاق کے ذریعے قابلیت کی سطح کو بڑھانے کے لیے جدید طریقے سیکھنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں