پاکستان کی سستی ترین ایئرلائن فلائی جناح نے فلائٹ آپریشن شروع کردیا

پاکستان کی سستی ترین ایئر لائن فلائی جناح نے چوتھی ملکی ائرلائن کے طور پر فلائٹ آپریشن شروع کردیا، افتتاحی پرواز پیر کی دوپہر کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئی اور نیو اسلام آباد ائرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واٹرسلیوٹ پیش کیا۔

  فلائی جناح نے کراچی ایئرپورٹ سے ملک کی چوتھی ایئرلائن کے طور پر آپریشن شروع کردیا، فلائی جناح کی تعارفی پرواز نے کراچی سے اسلام آباد کے لئے اڑان بھری، تاہم افتتاحی پرواز سے پہلے جناح ٹرمینل پر فلائی جناح کے کاؤنٹر کے سامنے کیک کاٹا گیا۔

اس موقع پر سی ای او ایئرعربیہ گروپ عادل عبداللہ علی، سی ای او کولگیٹ پامولیو پاکستان و ڈائریکٹر فلائی جناح ذوالفقارعلی لاکھانی، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضیٰ، رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی اور پیپلزپارٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ترجمان وزیراعظم پاکستان فہد حسین بھی موجود تھے۔

سی او او فلائی جناح ارمان یحییٰ کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ فلائی جناح آج فضائی آپریشنز کے آغاز کا سنگ میل عبور کررہی ہے، فلائی جناح ملک میں شعبہ ہوابازی میں اپنا اہم کر دار ادا کرے گی۔

سی او او فلائی جناح کا مزید کہنا تھا کہ فلائی جناح مسافروں کو ہوائی سفر کا ایک آسان اور آرام دہ ذریعہ فراہم کرے گی، سیفٹی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ تین ائیر بس اے 320 جہازوں سے آپریشنز شروع کررہے ہیں، پہلے سال ڈومیسٹک جب کہ دوسرے سال سے بین الاقوامی فلائٹس شروع کریں گے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فلائی جناح نے مسافروں کا سفر خوشگواربنانے کے لیے ائرلائن کی جانب سے تمام طیاروں میں اسکائی ٹائم کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جس سے فلائٹ کے دوران مسافر اپنی ڈیوائسسز کے ذریعے اسٹریمنگ سے انٹرٹینمنٹ کی وسیع رینج تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں،جب کہ صارفین کم قیمت پرفلائٹ پر موجود اسکائی کیفے کے مینو سے مختلف اقسام کے اسنیکس، سینڈوچز، گرم کھانے اور مشروبات سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

اس سے قبل کراچی کے مقامی ہوٹل میں ‘فلائی جناح’ کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، جس میں لیکسن گروپ، ایئرعربیہ گروپ، جناح ایئر پورٹ حکام، مختلف ممالک کے سفارتکاروں سمیت سی او او فلائی جناح ارمان یحییٰ، ڈائریکٹر فلائی جناح و سی ای او کولگیٹ پامولیو ذوالفقار علی لاکھانی اور دیگر نے شرکت کی۔

فلائی جناح کی کراچی سے اسلام آباد، لاہور اور پشاور کیلئے روزانہ جب کہ کوئٹہ کے لئے ہفتے میں چار پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، سی او او ارمان یحییٰ کے مطابق اسکردو سمیت چھوٹے ائیر پورٹس پر بھی پروازیں لے کر جائیں گے۔

اسلام آباد لینڈنگ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے فلائی جناح کے طیارے کو واٹر سیلیوٹ دیا گیا، اداکار بہروز سبزواری، گلوکار فاخرمحمود، منیب بٹ اور ایمن خان سمیت دیگر فنکاروں و مسافروں نے فلائی جناح کی افتتاحی پرواز کےسفر کو آرام دہ اور تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ایئرلائن کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

فلائی جناح انتظامیہ کے مطابق یہ نئی ائرلائن جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ملک میں شعبہ ہوابازی میں اہم کرداراداکرنے کے لیے پاکستانیوں کوخدمات فراہم کرے گی، ہمیں یقین ہے کہ فلائی جناح مسافروں کو ایک قابل قدر پروڈکٹ اور خدمات کے ساتھ ہوائی سفر کا ایک آسان اور آرام دہ ذریعہ فراہم کرے گی۔

فلائی جناح انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی مارکیٹ کی ضروریات کو موثرطریقے سے پوراکرنے اورملک میں سیاحت کے شعبے اوربہترین سفری سہولیات میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے شراکت داروں کے ساتھ مل کرکام کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اسلام آباد ائرپورٹ تعارفی فلائٹ پہنچنے پرطیارے کا روایتی واٹرکینن کی سلامی سے استقبال کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق لیکسن گروپ اورائرعربیہ گروپ نے پاکستان میں جے وی ائرلائن کا ستمبر 2021 میں اعلان کیا، جس کا ہیڈ آفس کراچی میں قائم کیا گیا ہے، فلائی جناح ایئرعربیہ کے کامیاب اور کم قیمت کاروباری ماڈل کی، جس میں کیرئیر ایک قابل اعتماد آپریشن پر مبنی اعلیٰ معیاری پروڈکٹ کے ساتھ مسافروں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مختصر اور درمیانے فاصلے کے فضائی آپریشن کی پیروی کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں