پاکستان اور جرمنی کے درمیان 75 لاکھ یورو کی امداد کا معاہدہ

 پاکستان اورجرمنی کے درمیان75 لاکھ یورو کی امداد کا معاہدہ طے پاگیا ہے، جسے صحت کی بہتری اور غربت میں کمی کے پروگرام میں استعمال کیا جائے گا۔

جرمنی کی حکومت نے گلگت بلتستان کے لیے 1.785 اور خیبر پختونخوا کے لیے 5.72 ملین یورو کی گرانٹ (کل 7.5 ملین یورو) حکومت پاکستان کو ’’سوشل ہیلتھ پروٹیکشن، فیز III‘‘ نامی منصوبے کے ذریعے فراہم کی ہے۔

وزارتِ اقتصادی امور کے اعلامیے کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی۔  معاہدے پر ڈاکٹر کاظم نیاز سیکرٹری آئی اے ڈی  اور سیباسٹین جیکوبی، کنٹری ڈائریکٹر، جرمن ترقیاتی بینک نے اسلام آباد میں دستخط کیے۔

مالی تعاون کے اس پروگرام کا مجموعی ہدف حفاظتی نیٹ ورک فراہم کرکے آبادی بالخصوص غریبوں کی صحت کی حالت بہتر بنانا اور صحت کے اخراجات کے لیے ادائیگیوں میں کمی کے ذریعے غربت میں کمی لانا ہے۔ منصوبے کا مقصد مالیاتی رکاوٹوں کو کم کرنے اور خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے کے ذریعے غریب ترین آبادی تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔

سیکرٹری وزارت اقتصادی امور نے جرمنی کی حکومت کی جانب سے عوام کی حمایت و مدد پر تعریف کی اور مستقبل میں دونوں فریقوں کے درمیان مزید بامعنی تعاون کے لیے تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں