“حکومت نجی شعبے کی مشاورت سے معاشی مشکلات پر قابو پانے کیلئے ایک جامع حکمت عملی وضع کرنے کی کوشش کرے۔” احسن ظفر بختاوری صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

احسن ظفر بختاوری اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نئے صدر منتخب ہو گئے ۔احسن ظفر بختاوری اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سال برائے 2022-23کیلئے نئے صدر منتخب ہو گئے۔ اس سلسلے میں آئی سی سی آئی میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف الیکشن کمیشن زاہد مقبول نے الیکشن نتائج کا اعلان کیا۔
فادوحید سینئر نائب صدر اور انجینئر اظہرالاسلام ظفر نائب صدر منتخب قرار پائے۔ تینوں عہدیداران کا انتخاب بلا مقابلہ ہوا۔نومنتخب عہدیداران یکم اکتوبر کو باقاعدہ طور پر اپنے عہدوں کا چارج سنبھالیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر کے نومنتخب صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اس وقت اپنی تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت کاروبار کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرے تا کہ کاروباری طبقہ تجارت اور برآمدات کو فروغ دے سکے جس سے معیشت بہتر ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کی مشاورت سے معاشی مشکلات پر قابو پانے کیلئے ایک جامع حکمت عملی وضع کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے چیمبر کے موجودہ صدر محمد شکیل منیر اوران کی ٹیم کی بزنس کمیونٹی کیلئے شاندار قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ چیمبر کو مزیدمضبوط ادارہ بنانے کی کوشش کریں گے تا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل بہتر طور پر حل ہوں۔ انہوں نے صدارت کیلئے نامزد کرنے پر فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین خالد اقبال ملک، گروپ کے اراکین اور چیمبر کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین خالد اقبال ملک نے کہا کہ چیمبر کے نئے عہدیداران کا بلا مقابلہ انتخاب فاؤنڈر گروپ کی جیت ہے۔ انہوں نے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ بزنس کمیونٹی کے مفادات کے تحفظ کیلئے موثر کردار ادا کریں گے۔ فاؤنڈر گروپ کی الیکشن مہم کے کو چیئرمین محمد اعجاز عباسی اور شیخ عامر وحید نے اپنے خطاب میں نومنتخب عہدیداران کو

مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ تاجر برادری کے مسائل کو حل کرانے میں فعال کردار ادا کریں گے۔
نومنتخب سینئر نائب صدر فاد وحید اور نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بزنس کمیونٹی کو کاروباری سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنا ان کی اہم ترجیح ہو گی۔ انہوں نے بلا مقابلہ انتخاب پر فاؤنڈر گروپ اور چیمبر کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا اور یہ یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنی کارکردگی کے ذریعے ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر، سینئر نائب صدر فاد وحید اور نائب صدر انجینئر اظہرالاسلام ظفر نے اپنے خطاب میں نومنتخب عہدیداران کو ان کے بلامقابلہ انتخاب پر مبارک باد پیش کی۔
انہوں نے اپنے دور میں چیمبر کی ترقی اور بزنس کمیونٹی کی بہتری کیلئے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی اور نئی ٹیم کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔فاؤنڈر گروپ کے اراکین خالد جاوید، عبدالرؤف عالم، میاں اکرم فرید، زبیر احمد ملک، میاں شوکت مسعود، ظفر بختاوری،چوہدری وحید الدین، ناصر قریشی سمیت محمد نوید ملک، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے نو منتخب عہدیداران کو بلا مقابلہ کامیابی پر مبارک باد پیش کی اور تاجر برادری کے مسائل حل کرانے کی کوششوں میں ان کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں