ڈائر یکٹر جنرل کے ڈی اے نے صنعتکاروں کو بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی ہے:عرفان اقبال شیخ، صدر ایف پی سی سی آئی

ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے کراچی کی کاروباری، صنعتی اورتاجر برادری کے ایک اعلیٰ سطحی اجتماع سے خطاب کے لیے فیڈریشن ہاؤس آمد کا خیرمقدم کیا ہے۔ تاجر برادری نے شہر کے بنیادی انفرا سٹرکچرکے مسائل اور شہری منصوبہ بندی اور ترقیاتی کاموں میں خامیوں سے متعلق اپنے خدشات اورسوالات کو سامنے رکھا۔صدر ایف پی سی سی آئی نے بتایا کہ صرف سائٹ ایریا کو 20 سڑکوں کی مرمت اور تعمیر نو کی ضرورت ہے۔ مزید برآں، ٹوٹ پھوٹ کا شکار شہری انفراسٹرکچر کی وجہ سے کراچی کے تمام صنعتی زونز کو اپنی پیداواری سر گرمیوں میں رکاوٹوں کا سامنا ہے؛ جن میں خستہ حال سڑکیں، بیشتر اوقات بند سیوریج لائنیں،خراب ٹیلی فون لائنیں اور ٹوٹی ہوئی اسٹریٹ لائٹس شامل ہیں۔

عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ کراچی ملکی خزانے میں کل ریونیو کا 60 فیصد حصہ ڈالتا ہے اور اس کے باوجود اسے بنیادی سہولیات سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کے ڈی اے حکام پر زور دیا کہ وہ بنیادی ڈھانچے کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک ماسٹر پلان تیار کریں۔صدر ایف پی سی سی آئی نے وضاحت کی کہ صنعتی علاقے 24/7/365 بنیادوں پرکام کرتے ہیں؛ کیونکہ فیکٹریاں کبھی کام بند نہیں کرتیں اور انہیں اس ہی کے مطابق شہری سہولیات کی ضرورت درپیش رہتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی اپنے گہرے خدشات کا اظہار کیا کہ سڑکوں اور دیگر عوامی مقامات پر صفائی کی کمی اور پینے کے پانی میں سیوریج کے پانی کی آمیزش سے فیکٹری ورکرز پانی سے پیدا ہونے والی، وائرل/متعدی اور مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں جیسے ملیریا، ڈینگی، ڈائریا، ہیضے، ٹائیفائیڈ وغیرہ کا شکار ہو رہے ہیں۔ عرفان اقبال شیخ نے اس حقیقت کو اجاگر کیا ہے کہ شہر کے بنیادی ڈھانچے کی زیادہ تر خرابیاں مختلف وفاقی، صوبائی اور ضلعی محکموں اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور آپریشنل تعاون کی کمی کی وجہ سے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بجلی، گیس اور ٹیلی فون آپریٹرز اپنی زیر زمین لائنیں بچھاتے ہیں تو وہ عادتاً اور لاپرواہی کے نتیجے میں دیگر یوٹیلٹی کمپنیوں کی لائنوں کو کاٹ دیتے ہیں یا نقصان پہنچا دیتے ہیں

۔کے ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد علی شاہ نے کاروباری رہنماؤں کے اجتماعی و انفرادی خدشات کو تحمل سے سنا اور انہیں شہر کے بنیادی ڈھانچے میں مستقبل قریب میں بہتری کا یقین دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے اور تاجر برادری کو ان کے بہت سے تحفظات پر جلد ریلیف ملے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں