قہوے کے زیادہ استعمال سے موت واقع ہونے کے خطرات کم ہوجاتے ہیں، تحقیق

 چائے پانی کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ پیا جانے والا مشروب ہے اور اس کے متعلق وقتاً فوقتاً مختلف مطالعات ہوتے رہتےہیں۔ ایسی ہی ایک نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے روزانہ قہوے کے استعمال سے موت واقع ہونے کے خطرات کم ہوجاتے ہیں۔

امریکا کے نیشنل اِنسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے کینسر انسٹیٹیوٹ کے مطابق وہ لوگ جو روزانہ دو یا دو سے زیادہ کپ قہوہ پیتے ہیں ان کی موت واقع ہونے کے امکانات (9 فیصد سے 13 فیصد تک) کم ہوجاتے ہیں تاہم اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آیا چائے پینے والے نے اپنی چائے میں دودھ یا چینی ملاتے ہیں یا نہیں یا وہ کتنی گرم چائےپیتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ چائے کے فوائد ان لوگوں میں بھی دیکھے گئے جو کافی بھی پیا کرتے تھے۔

اینلس آف اِنٹرنل میڈیسن جرنل میں شائع ہونےوالی تحقیق میں محققین کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج چائے پینے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ قہوہ ایک صحت مند غذا کا حصہ ہوسکتی ہے۔

اس سے قبل قہوے کے فوائد پر متعدد مطالعات ہوچکے ہیں لیکن زیادہ تر مطالعات چین یا جاپان جیسے ممالک میں ہوئے ہیں جہاں سبز چائے پینا عام ہے۔ مذکورہ بالا تحقیق برطانیہ میں کی گئی ہے جہاں عام طور پر قہوہ پیا جاتا ہے۔

تازہ ترین تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ قہوے کی زیادہ کھپت امراضِ قلب، وقف الدم کا مرض(دل میں خون کی کمی کے باعث ہونے والا مرض) اور فالج کے سبب ہونے والی اموات کےخطرات میں کمی لاتی ہے۔

تاہم، ماکی اِنوئی-چوئی کی رہنمائی میں کی جانے والی اس تحقیق میں یہ واضح کیا گیا کہ قہوہ کا کینسر کے امکانات میں کمی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

تحقیق میں 40 سے 69 سال کے درمیان 4 لاکھ 98 ہزار 43 مرد اور خواتین نے شرکت کی۔ شرکاء کی تحقیق کے دوران تقریباً 11 برس تک نگرانی کی گئی۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں