کووڈ اور دیگر جراثیم کو مہینوں روکنے والی کوٹنگ

 انسان اور جراثیم کی لڑائی صدیوں سے جاری ہے اب مشی گن یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک ایسی کوٹنگ یا پرت بنائی ہے جسے فوری طور پر کسی بھی سطح پر لگاکر اس پر پڑنے والے جراثیم اور وائرس کو منٹوں میں تلف کیا جاسکتا ہے۔

ابتدائی تجربات کے تحت یہ کوٹنگ ٹیکنالوجی 99.9 فیصد بیماریوں کے گڑھ کا خاتمہ کرتی ہے جن میں سارز کووٹو، ای کولائی اور قدرے خطرناک ایم آر ایس اے وائرس شامل ہیں۔

ایک مرتبہ کسی سطح پر لگانے کے بعد دھونے اور کپڑے سے صاف کرنے کے باوجود مہینوں تک اس کی تاثیر برقرار رہتی ہے خواہ وہ کی بورڈ ہوں، ڈسپلے اسکرین ہوں، سیڑھیوں کی ریلنگ ہوں یا پھر باورچی خانے کے کاؤنٹر کی سطح ہی کیوں نہ ہو۔

سب سے بڑھ کر ہسپتال اور ایئرپورٹ پر اسے کامیابی سے استعمال کیا جاسکتا ہے جسے جامعہ مشی گن کے انیش توتیجا اور ان کے ساتھیوں نے بنایا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ کسی بھی سطح پرجراثیم کش اسپرے کیا جائے تو تھوڑی دیر بعد مختلف لوگوں کے ہاتھ لگنے سے دوبارہ وہاں جراثیم اور وائرس گھر کرلیتے ہیں۔ کچھ دھاتیں مثلا تانبا وغیرہ بھی فطری طور پر جراثیم کش ہیں لیکن اس میں گھنٹوں لگتے ہیں۔ اس کے مقابلے نئی کوٹنگ ٹیکنالوجی منٹوں میں سارے جراثیم مارڈالتی ہے۔

اس کوٹنگ میں چائے کے پیڑ کا تیل اور دارچینی کا تیل شامل کیا گیا ہے جس میں چپکنے والا محلول ملایا گیا ہے۔ اس کے بعد یہ کوٹنگ بہت آسانی سے اسپرے کی جاسکتی ہے اور دو منٹ میں جراثیم مارنا شروع کردیتی ہے۔ یہ تمام اجزا مکمل طور پر ماحول دوست ہیں جنہیں بار بار استعمال کیا جاسکتا ہے۔

مختلف تجربات اور آزمائش سے کئی طرح سے کوٹنگ اسپرے کی افادیت سامنے آئی اور توقع ہے کہ اگلے سال یہ ایک اسپرے کی صورت میں دنیا بھر میں دستیاب ہوگی۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں