چودہ اگست کو کفایت شعاری کے ساتھ منایا جائے اور فنڈز کو فلڈ ریلیف کی طرف منتقل کیا جائے: عرفان اقبال شیخ، صدر ایف پی سی سی آئی

کراچی : صدرایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سال یوم آزادی کو کفایت شعاری کے ساتھ منایا جائے اور فنڈز کو سیلاب متاثرین کی امدادی کارروائیوں اور متاثرین کی بحالی کی طرف منتقل کیا جا ئے۔ انہوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ صرف بلوچستان میں 500 سے زائد افراد بارشوں اور اس کی وجہ سے آنے والے سیلاب کی وجہ سے اپنی جانو ں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں؛ ہزاروں زخمی ہیں اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔صدرایف پی سی سی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ملک بھر میں متاثرہ کاروباروں کو اپنا کام دوبارہ شروع کرنے اور معمول کے مطابق روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عبوری ریلیف فراہم کرے۔ان امدادی اقدامات میں یوٹیلیٹی بلوں کی معافی؛ ٹیکسوں میں نرمی اور کاروباری قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ شامل ہو سکتی ہے۔ عرفان اقبال شیخ نے اس بات پر زور دیا کہ مالی بحران کے وقت حکومت کے لیے بہترین راستہ یہ ہے کہ وہ فنڈز کو کفایت شعاری سے بچائے اور انہیں ریسکیو آپریشنز اور خوراک اور طبی سامان کی طرف استعمال کرے۔ انہوں نے ملک کی تاجر برادری پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے غریب بھائیوں کی مدد کریں۔صدرایف پی سی سی آئی نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے بہتر طور پر تیار ہونا چاہیے؛ کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہمیں بڑے پیمانے پر موسمیاتی آفات کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔عرفان اقبال شیخ نے انتظامی نقطہ نظر سے خاص طور پر اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ ریسپانس ٹائم جان و مال کے نقصان کو کم کرنے کی کلید ہے اور یہ وہ شعبہ ہے جہاں بحیثیت قوم ہمیں بہتری کی ضرورت ہے۔سنیئرنائب صدر ایف پی سی سی آئی سلیمان چاولہ نے تجویز پیش کی ہے کہ سیاسی جماعتوں کو لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کے چارٹر پر متحد ہونا چاہیے؛بجا ئے اس کہ کے وہ ہر وقت سیاسی معاملات پر الجھے رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں