حکومت کاروبار دوست بجٹ پیش کر کے پائیدار اقتصادی ترقی قائم کرے گی، وزیر خزانہ

 وفاقی وزیر خزانہ وریونیو مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت سختی سے ملک میں ترقی کی مجموعی سطح کو بہتر بنانے کے لئے مؤثر پالیسیوں کے ذریعے مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، آئندہ بجٹ کاروبار دوست ہوگا جس کے ذریعے ملکی اقتصادی ترقی کو قائم کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی ایوان ہائے صنعت و تجارت میں (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عرفان اقبال شیخ کی قیادت میں آنے والے صنعت کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس ملاقات میں چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفد کو خوش آمدید کہا اور معاشی استحکام کے حوالے سے حکومتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سختی سے ملک میں ترقی کی مجموعی سطح کو بہتر بنانے کے لئے مؤثر پالیسیوں کے ذریعے مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

صدر ایف پی سی سی آ ئی نے وفاقی وزیر خزانہ کو مبارک باد پیش کی اور وفاقی بجٹ 2022-23 میں غور کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔

انہوں نے ملک میں کاروباری برادری کو درپیش ٹیکسیشن سے متعلق کچھ مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔  وزیر خزانہ نے حکومت اور تاجروں کے درمیان ایک پل کے طور پر کام کے لئے ایف پی سی سی آ ئی کے موثر کردار کو تسلیم کیا۔

وزیر خزانہ نے معیشت کے مختلف شعبوں کے لئے ایف پی سی سی آئی ارکان کی طرف سے مجوزہ بجٹ تجاویز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کاروباردوست بجٹ پیش کر کے ساتھ چلنے اور پائیدار اقتصادی ترقی کا ارادہ رکھتی ہے، لہذا، تمام اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کو پرکھا جائے گا۔

ایف پی سی سی آ ئی وفد نے اپنی تجاویز سننے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور ان کی حمایت اور ملک میں معاشی استحکام بڑھانے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں