روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں اوورسیز پاکستانیوں کے ڈپازٹس 4 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ڈپازٹس 4 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق اپریل کے 11 دنوں میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مزید 8 کروڑ 60 لاکھ ڈالر روشن ڈیجیٹل اکاونٹس میں جمع کرائے ہیں جس سے آر ڈی اے کھاتوں میں جمع کرایا گیا زرمبادلہ 4 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے۔ 

اسٹیٹ بینک نے اپنی ٹوئٹ میں سوشل میڈیا پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے رقوم نکلوائے جانے کی خبروں کو جعلی قرار دیا ہے اور  مرکزی بینک کا  کہنا ہےکہ آر ڈی اے کھاتوں سے غیرمعمولی رقوم نکلوانے کے شواہد نہیں ملے۔

اسٹیٹ بینک کے مارچ 2022 کے اعداد کے مطابق دنیا کے ایک 175 ملکوں میں بسے پاکستانیوں نے 3 لاکھ 88 ہزار 494 روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 3 ارب 92 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جمع کرائے تھے جب کہ  اپریل کے 8 کروڑ 60 لاکھ ڈالر شامل کرلینے کے بعد آر ڈی اے کھاتوں کا بیلنس 4 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے ستمبر 2020 میں دنیا بھر میں بسے ہم وطنوں کو پاکستان میں بینکاری خدمات فراہم کرنےکے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کا اغاز کیا تھا جسے بیرون  ملک پاکستانیوں کی جانب سے پسند کیا گیا۔

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ شروع کیے جانے کے پہلے مہینے میں 12947 اکاونٹس کھلوائے گئے اور ان میں 70کروڑ ڈالرکے مساوی زرمبادلہ جمع کرایا گیا جب کہ دسمبر 2020 تک آر ڈی اے اکاؤنٹس کی تعداد 65 ہزار اور ان میں جمع کرائی گئی رقوم 25 کروڑ ڈالر کے مساوی تھیں۔

مارچ 2021  تک آر ڈی اے اکاؤنٹس کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کرگئی اور اگلے مہینے اپریل میں جمع کرائی گئی رقوم ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی۔

اگست 2021 میں پہلی بار آر ڈی اے اکاؤنٹس کی تعداد 2 لاکھ اور ان میں جمع کرائے گئے زرمبالہ کا حجم 2 ارب ڈالر سے زائد تھا جو دسمبر 2021 تک تین لاکھ اکاونٹس اور 3 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں