ناردرن گیس کمپنی نے مذاکرات کے بعد کیپٹو پاور سیکٹر اور بجلی گھروں کی گیس مشروط طور پر بحال کرنے کا اعلان کردیا۔
برآمدی صنعت کا پہیہ رواں رکھنے کے لیے حکومت ، صنعتی شعبے اور سوئی نادرن گیس کمپنی لمیٹیڈ نے بجلی گھروں کو گیس کی ترسیل دوبارہ سے فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ کیپٹو پاور سیکٹر کو بدھ، 29 دسمبر کی صبح سے گیس فراہمی شروع کردی جائے گی، موسم سرما میں گھریلو صارفین کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر پاور سیکٹر کو گیس مخصوص کوٹے کے مطابق دی جائے گی۔
ترجمان سوئی ناردرن کے مطابق صنعت کاروں کی جانب سے ٹیرف کے حوالے سے لیے گئے عدالتی آرڈر کو واپس لینے کی یقین دہانی کے بعد ہی گیس بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سوئی ناردرن گیس لمیٹڈ نے لوڈ منیجمنٹ پروگرام کے تحت کیپٹو پاور سیکٹر کو گیس کی فراہمی 15 دسمبر سے معطل کردی تھی ، جس کے بعد ٹیکسٹائل سے وابستہ صنعت کاروں نے درآمدی صنعتیں احتجاجاً بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں حکومتی اراکین اور صنعت کاروں کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے، جس کے بعد دونوں فریقین نے لوڈ مینجمنٹ پروگرام کو منظور کرتے ہوئے پر عمل درآمد کرنے کی رضا مندی ظاہر کی تھی۔