امریکا، پاکستانی ڈاکٹرز کو زبردست خراجِ تحسین پیش

پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم ’اپنا ٹیکساس چیپٹر‘ کا سالانہ گالا میں مئیر ہیوسٹن کی جانب سے پاکستانی ڈاکٹروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

‎امریکا میں پاکستانی ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیم اپنا ٹیکساس چیپٹر کی جانب سے سالانہ گالا ہیوسٹن کے شگر لینڈ میرئیٹ ہوٹل میں منعقد کیا گیا، جس میں ڈاکٹروں، تاجروں اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس تقریب کے آغاز میں پاکستان اور امریکا کے قومی ترانے بجائے گئے،  تقریب کے مہمان خصوصی مئیر ہیوسٹن سلوسٹر ٹرنر تھے جنہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ڈاکٹروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا،  ان کا کہنا تھا کہ ہیوسٹن کے اسپتالوں میں سیکڑوں پاکستانی ڈاکٹرز گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

‎انہوں نے کہا کہ اگر یہ ڈاکٹرز نہ ہوں تو ہیوسٹن کے اسپتالوں کا نظام چلانا مشکل ہوجائے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہیوسٹن میں متعین پاکستانی قونصل جنرل ابرار ہاشمی کا کہنا تھا امریکا میں ہر پاکستانی ڈاکٹر کامیابی کی ایک قابل فخر داستان ہے گالا، چیئرمین ڈاکٹر حیدر افضل نے گالا کے کامیاب انعقاد پر اسپانسرز اور انتظامی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور گا لا کے انعقاد میں گراں قدر تعاون کرنے پر بزنس ٹائیکون طاہر جاوید سے اظہار تشکر کیا۔

‎تقریب کے پلاٹینیم اسپانسر رائس لینڈ ہیلتھ کے سربراہ سعد جاوید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے  ’اپنا ٹیکساس چیپٹر‘ کے ساتھ کام کرنے کو اعزاز قرار دیا اور مستقبل میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا ٹیکساس چیپٹر کے صدر ڈاکٹر ارمان رضا نے گالا کے کامیاب انعقاد پر کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور اپنا ٹیکساس چیپٹر کے تحت کمیونٹی اور نئے ڈاکٹرز کو فراہم کی جانے والی خدمات اور معاونت پر روشنی ڈالی۔

تقریب سے سابق صدر ’اپنا ٹیکساس چیپٹر‘  ڈاکٹر تنویر، چیئر مین گالا ڈاکٹر حیدر افضل نے بھی ہارون مغل کا ٹیکساس میں سب سے بڑے گالا ایونٹ کو ترتیب دینے پر شکریہ ادا کیا۔ 

تقریب میں قابل تحسین خدمات پر ’اپنا ٹیکساس چیپٹر‘ کی جانب سے میئر ہیوسٹن نے ہیرس کاؤنٹی کی خاتون جج لینا ھڈالگو، ممتاز پاکستانی امریکن ڈاکٹرز بشمول عاصم شاہ، ڈاکٹر نجمہ اعجاز، ڈاکٹر فیصل اور نصرو روپانی کو خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا ۔

تقریب میں میئر ہیوسٹن سلوسٹر ٹرنر نے ’اپنا ٹیکساس چیپٹر‘ کی کمیونیٹی کے لیے قابل تحسین خدمات پر شہری حکومت کی طرف سے توصیفی سند بھی پیش کی جبکہ مہمانوں کی تواضع شہر کے معروف ریسٹورانٹ ٹیمپورا کے لذیز کھانوں سے کئی گئی۔

‎تقریب کے اختتام پر پاکستان کے ممتاز گلوکار فاخر نے اپنی گائیکی سے حاضرین کو محظوظ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں