ایف بی آرنے ٹائرکی برآمدات بڑھانے کے لیے ڈیوٹی ڈرابیک سہولت دے دی

حکومت نے مقامی ٹائر اندسٹری کی تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے  کے لیے تمام اقسام کے ٹائر و ٹیوب کی برآمد پر 0.07 سے 4.24 فیصد تک ڈیوٹی ڈرا بیک کی سہولت دےدی ہے۔

جس کیلئے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ تمام سائز کے ٹائروں اور ٹیوب کی برآمد پر ڈیوٹی ڈراء بیک کی سہولت کا اطلاق 28 جون 2021 سے کیاگیا ہے۔

ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سائز کے ٹائر اور ٹیوب کی برآمد پر ڈیوٹی ڈرا بیک کی سہولت کا اطلاق 28 جون 2021 سے کیاگیا ہے۔ جس کے تحت تمام اقسام اور سائز کے ٹھوس ربڑ کے ٹائروں کی برآمد پر 0 اعشاریہ 07فیصد ڈیوٹی ڈرا بیک فراہم کیا جائے گا، جب کہ ٹرکوں، بسوں، کار اور جیپ کے تمام سائز کے ٹائروں کی برآمد پر 0اعشاریہ 39 فیصد اور ٹیوبز کی برآمد پر0 اعشاریہ 97 فیصد ڈیوٹی ڈراء بیک فراہم کیا جائے گا۔

زرعی ٹریکٹروں کے تمام سائز کے ٹائروں اور الٹرا لائٹ ٹرک ٹائر کی برآمد پر 2اعشاریہ 24فیصد اورٹیوبز کی برآمد پر 4 اعشاریہ 21 فیصد ڈیوٹی ڈرا بیک فراہم کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اقسام کے فلیپس کی برآمد پر 0 اعشاریہ 17 فیصد ڈیوٹی ڈرا بیک دی جائے گی اسی طرح موٹر سائیکل، اسکوٹر، رکشہ اور ٹرالی کے تمام سائز کے ٹائروں کے ساتھ ساتھ الٹرا لائٹ ٹائروں کی برآمد پر1 اعشاریہ 90 فیصد اور ٹیوبز کی برآمد پر3 اعشاریہ 30 فیصد ڈیوٹی ڈرا بیک کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ بائی سائیکل کے تمام سائز کے ٹائروں کی برآمد پر1 اعشاریہ 45 فیصد اور بائی سائیکل کے تمام سائز کی ٹیوبز پر 3 اعشاریہ 28 فیصد ڈیوٹی ڈرا بیک کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں