ڈیری و پولٹری مصنوعات اور رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ پر ٹیکس کم کرنے کا فیصلہ

حکومت نے ترمیمی فنانس بل کے ذریعے بجٹ میں ڈیری مصنوعات، پولٹری اور رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ پر ٹیکسوں کی شرح میں کمی کا فیصلہ کیا ہے ساتھ ہی درآمدی کنسائنمنٹس کے لیے کنٹینرز کے اندر درآمدی اشیاء کی فہرست اور انوائسز کی کاپیاں رکھنے سے متعلق قوانین میں بھی نرمی لائی جائے گی۔

اس حوالے سے وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا ہے کہ وزیر خزانہ شوکت ترین نے فنانس بل میں مذکورہ شعبوں پر تجویز کردہ ٹیکسوں کی شرح میں کمی کے لیے ترامیم کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ پارلیمنٹ میں جو ترمیمی فنانس بل پیش کیا جائے گا اس میں ان شعبوں کے لیے مجوزہ ٹیکسوں کی شرح کو ریشنلائز کرکے کم کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ترمیمی فنانس بل کے ذریعے بجٹ میں تجویز کردہ ڈیری مصنوعات پر ٹیکسوں کی شرح کم کی جارہی ہے۔ اسی طرح پولٹری کے لیے تجویز کردہ ٹیکسوں کی شرح بھی کم کی جارہی ہے۔

علاوہ ازیں پلانٹ اور مشینری کی درآمد پر بھی ٹیکسوں کی شرح کو ریشنلائز کیا جارہا ہے جس کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

اسی طرح درآمدی کنسائنمنٹس کے انوائسز اور اشیاء کی فہرست کنٹینرز کے اندر نہ رکھنے پر تجویز کردہ جرمانوں میں بھی نرمی کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اس کے لیے ایف بی آر سے کہا گیا ہے کہ کنٹینرز کے اندر درآمدی سامان کی انوائس اور فہرست نہ رکھنے پر متعارف کروائی جانے والے جرمانوں کی رجیم پر نظر ثانی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں