سعودی عرب نے مہمند ڈیم کیلئے 90 کروڑ ریال قرضہ منظور کرلیا

سعودی ترقیاتی فنڈ نے مہمند ہائیڈرو پاور ڈیم کے لئے 90 کروڑ 10 لاکھ  سعودی ریال کے رعایتی قرضے کی منظوری دے دی ہے۔ 

وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے  وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان سے ملاقات کی ہے اس ملاقات میں سعودی سفیر نے وزیر اعظم پاکستان کے حالیہ كامياب دورۂ سعودی عرب کے بارے میں وزیر اقتصادی امور کو آگاہ کیا۔

سعودی سفیر نے بتایا کہ سعودی ترقیاتی فنڈ کی جانب سے مہمند ہائیڈرو پاور ڈیم کے لئے 90 کروڑ 10 لاکھ سعودی ریال کی منظوری دے دی گئی ہے، سعودی ترقیاتی فنڈ يہ مالی معاونت 25 سال كى مدت كے ليے2 فیصد کی انتہائى سستی شرح سود پر فراہم کرے گی۔

وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان نے قرض کو تیزی سے استعمال کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں قابل تجدید، ماحول دوست اور سستی توانائی بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر دونوں فریقوں نے دوسرے جاری ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں تیزی لانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں