چینی کمپنی گلگت کے 2 ہزار ورکرز کو تربیت دے گی

چینی ٹیکسٹائل کمپنی گلگت بلتستان کے دو ہزار مز دوروں کو تربیت فراہم کرے گی جب کہ تربیت لاہور میں قائم چینی کمپنی چیلنج ٹیکسٹائل کی جانب سے  دی جائے گی۔

چینی ٹیکسٹائل کمپنی چیلنج  نے گلگت بلتستان حکومت سے ایک معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت 2000 ورکرز کو تربیت دینے کے بعد لاہور میں اپنی فیکٹری میں ملازمتیں دی جائیں گی، معاہدہ کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جس میں چیلنج گروپ کی مینیجنگ ڈائریکٹر کیرن چن اور گلگت بلتستان حکومت کے نمائندے نے معاہدے پر دستخط کئے، گلگت بلتستان کے وزیر اعلی خالد خورشید اور بزنس مین قمر خان بو بی  بھی موجود تھے۔

کیرن چن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت گلستان سے 2000 ورکرز کا انتخاب کیا جائے گا پھر انہیں تربیت دینے کے بعد لاہور میں قائم ٹیکسٹائل اداروں میں ملازمتیں دی جائیں گی جہاں ملازمین کو رہائش اور کھانا بھی مفت فراہم کیا جاتا ہے۔

کیرن چن نے کہا کہ 150 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے لاہور ملتان روڈ پر قائم ٹیکسٹائل یونٹ میں 3000 افراد ملازمت کررہے ہیں جبکہ لاہور قصور روڈ پر 450 ملین ڈالر کی لاگت سے چیلنج فیشن ایکسپورٹ پارک قائم کیا جارہا ہے جہاں پانچ ہزار سے زائد افراد کو روزگار ملے گا۔

گلگت بلتستان کے وزیر اعلی خالد خورشید نے چینی کمپنی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمارے علاقے کی عوام کے لئے روزگار کے موقع فراہم کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں