دو روز کاروبار بند کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے، کراچی چیمبر آف کامرس

بزنس مین گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا اور صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شارق وہرہ نے سندھ حکومت سے ہفتہ میں دو دن تمام تجارتی و کاروباری سرگرمیاں بند رکھنے کے فیصلے پر نظرثانی کرنے کی اپیل کی ہے، چھوٹے تاجر اور دکاندار طبقہ پہلے ہی شدید بحرانوں سے دوچار ہے اور اپنے کاروبار کو برقرار رکھنے کے لیے سخت جدوجہد کررہا ہے،

انہوں نے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ اور کمشنر کراچی نوید احمد شیخ کو ارسال کیے گئے خطوط میں کہا ہے کہ ہم کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت سندھ کی تمام کوششوں کو سراہتے ہیں لیکن مسلسل دو دن کاروبار کو مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کسی صورت بھی اچھا آئیڈیا نہیں ہے، رمضان المبارک سے 8سے 10 دن قبل اور ماہ مقدس کے آخری 15سے 20دن کاروبار کے لیے انتہائی اہم ہوتے ہیں ،انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو کچھ اور ممکنہ حل نکالنا چاہیے جس سے ہر ایک کو وبائی مرض سے بچایا جاسکے اور غریب دکانداروں اور چھوٹے تاجروں کو بھی نقصان نہ ہونے کو یقینی بنایا جاسکے، علاوہ ازیں وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت کے صدرمیاں ناصر حیات مگوں نے بھی ہفتے میں 2دن کاروبار بندکرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروبار بند کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے، ہماری تو کوشش اوررائے ہے کہ حکومت ہفتے میں ایک دن بھی کاروبار بند نہ کرے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہرقائد میں کاروبارمکمل ایس او پیز کے ساتھ جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں