سندھ میں خواتین کسانوں کو کچن گارڈن کٹس کی مفت فراہمی شروع

حکومت سندھ کا صوبے کی غریب اور مستحق خواتین کیلیے احسن اقدام، سندھ حکومت نے معاشی اور غذائی قلت کو پورا کرنے کیلیے غریب خواتین کسانوں میں کچن گارڈن کٹس مفت میں فراہمی شروع کردی ہے۔

صوبائی وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں تھر پارکر میں 1500 کچن گارڈن کٹس غریب ہاریوں اور مستحق خواتین میں تقسیم کردی ہیں دیگر اضلاع میں 4 ہزار 700 کچن گارڈن کٹس غریب ہاریوں اور مستحق خواتین میں فراہم کی جاچکی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے سیاپیپ منصوبہ کے تحت 10 ہزار100کچن گارڈن کٹس فراہم کی جارہی ہیں، کٹس ان غریب مرد اور مستحق خواتین کودی جاتی ہیں جو اپنے ہی گھر کے اندر یا20فٹ باغیچہ قائم کرکے سبزی کاشت کریں گی۔

محکمہ زراعت نے کچن گارڈن منصوبے کوصوبے میں معاشی اور غذائی قلت کو پورا کرنے کیلیے شروع کیا ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ کچن گارڈن کٹس فراہم کرنے سے پہلے مختلف این جی اوز سے غریب اور مستحق خواتین کا سروے کرایا جاتا ہے، کچن گارڈن کٹس میں کوتال،رنبی،پائپ،بالٹی اور200لیٹر پانی کاڈرم فراہم کیا جاتا ہے۔

اسماعیل راہو نے کہا کہ2سیزنز کا بیج اور کھاد بھی مفت فراہم کیا جاتی ہے،اس منصوبے سے اب تک تھرپارکر سمیت دیگر اضلاع کے ہزاروں خاندان مستفید ہوچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں