دسمبر کے دوران صنعتی پیداوار 22 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

 ملک بھر میں ماہ دسمبر کے دوران بڑی صنعتوں کی جانب سے پیداواری عمل میں اضافہ نظر آیا ان میں آٹوموبائل، پیٹرولیم سیکٹر، فوڈ، کھاد  اور ادویہ ساز صنعتیں شامل ہیں۔

ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق دسمبر 2020 میں بڑی صنعتوں کی جانب سے پیداوار میں 11 اعشاریہ 4 فیصد اضافہ نظر آیا۔ ادارے کے مطابق ماہ دسمبر کے دوران صنعتی پیداوار گزشتہ 22 ماہ کی بلند ترین سطح پر رہی اور اس کی وجوہات میں حکومت کی جانب سے کورونا وبا کے دوران معاشی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے مختلف صنعتوں کو دی جانے والی سہولیات اور مراعات ہیں۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبہ ایک مستحکم معاشی نشو و نما کو ظاہر کررہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا دسمبر چھ ماہ کے دوران ٹیکسٹائل، فوڈ، مشروبات، تمباکو، اور پیٹرولیم سیکٹر، ادویہ سازی، کیمیکلز، معدنی مصنوعات، آٹوموبائلز، فرٹیلائزر، کاغذ سازی کی صنعتوں میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ الیٹرانکس، چمڑہ سازی کی مصنوعات اور انجینئرنگ مصنوعات کی پیداوار میں کمی نظر آئی۔

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران صنعتی پیداوار میں گزشتہ مالی سال کی پہلی شش ماہی کے مقابلے میں مجموعی طور پر 8 اعشاریہ 16 فیصد اضافہ رہا۔

اگر ماہانہ بنیاد پر جائزہ لیں تو اعداد و شمار کے مطابق ماہ نومبر 2020 کے مقابلے میں دسمبر 2020 کے دوران صنعتی پیداوار میں 13 اعشاریہ 51 فیصد زائد رہی۔ صنعتی پیداوار کے لحاظ سے کارسازی کی صنعت سب سے نمایاں رہی اور دسمبر 2019  کے مقابلے میں دسمبر 2020 کے دوران اس کی پیداوار میں 44 فیصد اضافہ نظر آتا ہے جبکہ دسمبر 2019 میں اس میں 29 فیصد کمی رہی تھی۔

اسی طرح کوک اور پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں دسمبر 2019 کے مقابلے میں دسمبر 2020 کے دوران 24 فیصد زائد اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ اسی عرصے کے دوران فوڈ، مشروبات، تمباکو اور معدنی مصنوعات کی پیداوار میں 18 فیصد، کیمیکل سیکٹر کی پیداوار میں 17 فیصد اور ادویہ سازی کی پیداوار میں 14 فیصد اضافہ رہا۔دوسری جانب چمڑے کی مصنوعات میں دسمبر 2019 کے مقابلے میں دسمبر 2020 میں 41 فیصد گراٹ دیکھنے میں آئی اور اسی طرح الیکٹرانک مصنوعات، لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار میں  بالترتیب 36 اور 30 فیصد کمی نظر آئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں