برطانوی کار کمپنی پاکستان میں لانچ کر دی گئی

پاکستان کی آٹو موبائل انڈسٹری نے ایک نیا سنگ میل عبور کرلیا، برطانیہ کی شہرہ آفاق کار کمپنی ’ایم جی‘ پاکستان میں لانچ کر دی گئی ہے۔

ایم جی جے ڈبلیو آٹو موبائل پاکستان کی لانچنگ کی تقریب پرائم منسٹر ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی وزیراعظم عمران خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

 برطانوی کار کمپنی پاکستان میں لانچ کر دی گئی

وزیراعظم پاکستان عمران خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حکومت معیشت اور آٹو موبائل انڈسٹری کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ برطانیہ کی موٹر کمپنی ایم جی کا پاکستان میں آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں آگے بڑھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایم جی جے ڈبلیو آٹو موبائل پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی، یہ گاڑیاں ماحول دوست اور الیکٹرک چارجنگ کی وجہ سے اپنا منفرد مقام رکھتی ہیں۔وزیراعظم پاکستان عمران خان کا مزید کہنا تھا تھا کہ حکومت آٹو موبائل انڈسٹری اور معیشت کو مزید دوام بخشنے کے لئے اپنی بھرپور کوشش جاری رکھے گی۔

 برطانوی کار کمپنی پاکستان میں لانچ کر دی گئی

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں تمام تر مشکلات کے باوجود ایم جی پاکستان کی لانچنگ ایک حوصلہ افزا خبر ہے اور نئے سال کی شروعات میں پاکستان معیشت کے لیے ایک امید کی کرن بھی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے ایم جی جے ڈبلیو پاکستان لانے پر جاوید آفریدی اور فیصل آفریدی کو مبارکباد بھی دی۔اس موقع پر جاوید آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں حکومت کی اچھی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم جی پاکستان کی شروعات اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں معیشت اور کاروبار کے لیے حالات اچھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم جی پاکستان کی لانچنگ آٹو موبائل انڈسٹری میں ایک نیا سنگ میل ہے اور اس سے پاکستان کی آٹو انڈسٹری میں ایک نیا انقلاب برپا ہوگا۔

جاوید آفریدی نے مزید کہا کہ پاکستان میں لانچنگ کے بعد کسٹمرز کی جانب سے بہترین رسپانس دیکھنے کو ملا ہے اور یہ ماحول دوست گاڑیاں حکومت کی اچھی پالیسیوں اور کسٹمرز کے اعتماد کی وجہ سے آنے والے سالوں میں پاکستان میں ایک نئے باب کا اضافہ کرے گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں