میاں ناصر حیات مگوں وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت کے صدر منتخب

وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کے انتخابات میں میاں ناصر حیات مگوں اور خواجہ شاہ زیب اکرم بالترتیب صدر اور سینئر نائب صدر منتخب ہو گئے۔

ایف پی سی سی آئی اعلامیہ کے مطابق فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کا سالانہ اجلاس عام 31 دسمبر 2020 کو فیڈریشن ہاؤس کراچی میں منعقد کیا گیا جس میں الیکشن کمیشن نے ایف پی سی سی آئی انتخابات 2021 کے نتائج کا اعلان کیا۔

ایف پی سی سی آئی الیکشن 2021 کے نتائج کے مطابق، میاں ناصر حیات مگوں 180 ووٹ لےکر صدر ایف پی سی سی آئی منتخب ہوئے جبکہ ان کے مخالف خالد تواب نے 178 ووٹ حاصل کیے۔

خواجہ شاہ زیب اکرم 197 ووٹ لے کر سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی منتخب ہوئے جبکہ ان کے مخالف عبد الرؤف مختار نے 161 ووٹ حاصل کیے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے مطابق ابتدائی ووٹنگ میں دونوں کے ووٹ برابر تھے جس کے بعد دوبارہ گنتی کی گئی جس میں ناصر حیات مگوں کے 180ووٹ سامنے آئے جس پر ان کی کامیابی کا اعلان کیا گیا۔

دریں اثنا ایسوسی ایشن کی نشستوں پر اطہر سلطان چاؤلہ، حنیف لاکھانی، چوہدری محمد سلیم، اور محمد عارف یوسف جیوا نائب صدور منتخب ہوئے۔

کے پی کے سے محمد زاہد شاہ 18 ووٹ لے کر نائب صدر منتخب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل لالی شاہ نے 8 ووٹ حاصل کیے۔

راجہ محمد انور 28 ووٹ لے کر پنجاب سے نائب صد ر منتخب ہوئے جبکہ ان کے مخالف عامر انور نے 12 ووٹ حاصل کیے۔

ناصر خان بلوچستان سے اور عدیل صدیقی سندھ سے بلامقابلہ نائب صدور منتخب ہوئے۔

ویمن چیمبر کی نشست پر فرزانہ علی احمد بلامقابلہ نائب صدر منتخب ہوئیں۔

فیڈرل ایریا میں مقابلہ برابر رہا جہاں قربان علی اور نصیر منصور قریشی دونوں کو 4/4 ووٹ ملے۔

چیمبر آف اسمال ٹریڈرزکی نشست پر محمد نواز 9 ووٹوں کے ساتھ نائب صدر منتخب ہوئے جبکہ ان کے مخالف سلمان الٰہی نے 8 ووٹ حاصل کیے۔

ایف پی سی سی آئی کے نئے آفس بیریئرز یکم جنوری 2021 سے اپنے دفاتر کا چارج سنبھال لیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں