راوی اربن ڈیولپمنٹ منصوبہ، 2 چینی کمپنیوں کے سرمایہ کاری کیلیے ایم او یو پر دستخط

ین الاقوامی سرمایہ کاروں کی راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے میں دلچسپی، دو چینی کمپنیوں کے نمائندوں نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین راشد عزیز خان کے ساتھ ملاقات کے بعد اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کیلیے ایم او یو پر دستخط کر دیے۔

راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان ایس ایم عمران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کو قومی منصوبہ قرارد یا اور بین الاقوامی سرمایہ کار اور کمپنیاں راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں۔

راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کرنے والی کمپنیوں میں چائنہ روڈ اینڈ برجز کمپنی اور زو بھاؤ گروپ کمپنی لمیٹڈ شامل ہیں، ان کمپنیوں کے وفود نے گزشتہ روز راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، اس موقع پر چیئرمین راشد عزیز خان نے ان وفود کو اس منصوبے کی اہمیت اور حجم کے بارے میں آگاہ کیا۔

چائنہ روڈ اینڈ برجز کمپنی نے منصوبے میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی اور اس سلسلے میں ایم او یو پر دستخط کر دیئے ہیں جبکہ زوبھاؤ کمپنی جو پاکستان میں ہائیڈرو پاور کے منصوبے لگاتی ہے نے بھی سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے.

یہ کمپنیاں نئے بنائے جانے والے شہر کا انفراسٹرکچر تعمیر کرنے، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے، زرعی پیداوار میں اضافے کیلیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے اور سولر پاورپلانٹ لگانے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں