سائٹ ایریا کراچی کی سڑکوں کے لیے 1.37 ارب روپے کی منظوری

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ کی خستہ حال سڑکوں کی تعمیر نو کے لیے 1.37 بلین روپے کی منظوری دے دی ساتھ ہی پراپرٹی ٹیکس کی وصولی سائٹ لمیٹڈ کو منتقل یہ فیصلہ انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں قاسم سراج تیلی کی سربراہی میں سائٹ ایسوسی ایشن کے وفد ساتھ منعقدہ اجلاس میں کیا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفد کے ممبران میں زبیر موتی والا، سلیمان چاؤلا، فرحان اشرفی، جاوید بلوانی، سلیم پاریکھ، عبدالہادی، عبد الرشید شامل تھے جبکہ حکومت کی جانب سے صوبائی وزراء سعید غنی، جام اکرام، ناصر شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو اور سیکریٹری صنعت نے اجلاس میں شرکت کی۔

صنعت کاروں نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ سائٹ کراچی کی سڑکوں کی حالت پہلے ہی خستہ حال تھی اور حالیہ شدید بارشوں سے وہ مزید تباہ ہوگئیں ہیں اور اس وقت سڑکیں استعمال کے قابل نہیں جس کی وجہ سے تیار شدہ سامان کی نقل و حمل ایک مشکل کام بن گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ سائٹ لمیٹڈ کی مالی حالت غیر یقینی ہے کیونکہ اس پر ضرورت سے زیادہ دباؤ ہے۔وزیر صنعت جام اکرام اللہ دھاریجو نے اس بیان کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ سائٹ کے لیے 450 ملازمین کی ضرورت ہے لیکن 1500 ملازمین کا بوجھ برداشت کر رہا ہے لہذا مقامی طور پر حاصل ہونے والی رقوم کو تنخواہوں اور پنشنوں پر استعمال کیا گیا، سندھ سمال انڈسٹریز کو بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کے دور میں غیر معمولی بھرتیاں کی گئیں۔

سائٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ سائٹ ایریا کے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی سائیٹ لمیٹڈ کو دی جائے تاکہ مقامی طور پر حاصل ہونے والی رقوم کو سائٹ کے علاقے کی ترقی پر استعمال کیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سائٹ ایسوسی ایشن کی بات سننے کے بعد کہا کہ ان کی حکومت کراچی میگا پروجیکٹ کے تحت تمام سڑکوں کی تعمیر نو کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے سائٹ کراچی کی خستہ حال سڑکوں کی تعمیر نو کے لیے 1.37 ارب روپے کی رقم کی منظوری دی اور محکمہ صنعت کو ہدایت کی کہ وہ اس منصوبے کا پی سی ون تیار کرے اور اسے منظوری کے لیے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ میں پیش کرے۔

انہوں نے وزیر بلدیات سید ناصر شاہ کو ہدایت دی کہ وہ سائٹ کی سڑکوں کی بحالی کا کام کراچی میگا پروجیکٹ ٹیم کو تفویض کرے لیکن صنعت کاروں کی ایک کمیٹی اس تعمیراتی کام کی نگرانی کرے گی جس کے لیے سائٹ ایسوسی ایشن ناموں کی سفارش کرے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ نہ صرف سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا بلکہ سڑکوں کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کا نظام بھی تیار کیا جائے تاکہ بارش کے پانی کی خودبخود نکاسی ہوسکے۔سائٹ ایسوسی ایشن کی درخواست پر وزیراعلیٰ سندھ نے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی سائیٹ لمیٹڈ کے حوالے کرنے پر اصولی طور پر اتفاق کیا تاکہ وہ نہ صرف وصولی کو بڑھا سکیں بلکہ اس کے بعد حاصل ہونے والی رقم کو سائٹ کی ترقی پر استعمال بھی کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مشیر قانون مرتضیٰ وہاب کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی واپس لینے کے لیے قانونی منصوبے پر عمل کریں اور اسے سائٹ لمیٹڈ کے حوالے کردیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر صنعت جام اکرام کو ہدایت دی کہ وہ سائٹ لمیٹڈ کو بحال کریں اور اسے ایک متحرک تنظیم بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں