وفاقی حکومت نے چینی درآمد کرنے کا عمل شروع کردیا

وفاقی حکومت نے سرکاری سطح پر چینی درآمد کرنے کا باقاعدہ عمل شروع کردیا، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کے لیے بین الاقومی ٹینڈر جاری کردیا، سرکاری سطح پر درآمد کردہ چینی اسٹریٹجک ذخائر کے لیے ہو گی۔

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر جاری کردیا۔ٹی سی پی نے بین الاقوامی سپلائزر سے لفافہ بند بولیاں 8 ستمبر تک طلب کرلی ہیں، 8 ستمبر کو ہی بولی دہندگان کی موجودگی میں بولیوں کے لفافے کھولے جائیں گے۔

ٹینڈر کے مطابق 25 ہزار میٹرک ٹن سے کم بولی والوں کی بولیاں قبول نہیں کی جائیں گی، چینی کے سپلائزر کو صوبائی یا وفاقی ٹیکس اتھارٹیز کے ساتھ رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے، چینی 50 کلو بیگ میں پیک ہونی چاہیے، چینی ’کوالٹی کنٹرول اتھارٹی‘ کے معیار کے مطابق ہونی چاہیے۔

وزرات نیشنل فوڈ سیکورٹی کے حکام کے مطابق سرکاری سطح پر درآمد کی جانے والی چینی اسٹریٹجک ذخائر کے لیے ہو گی۔توقع کی جارہی ہے کہ چینی کی درآمد کے بعد ملکی سطح پر چینی کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں