پاکستان سپر لیگ

پاکستان سپر لیگ کی آمد قریب آتے ہی شائقین میں جوش اور جذبہ بڑھتا جارہا ہے، اس بار پورے ایونٹ کا انعقاد ملک میں ہونے جارہاہے اور ملکی شائقین اپنے فیورٹ انٹرنیشنل اسٹارز کو بھی ایکشن میں دیکھ پائیںگے، لیگ سے جڑے ہر اسٹیک ہولڈر کی خوشی میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے، دوسری طرف فرنچائز مالکان کا بھی اس حوالے سے جوش و خروش دیدنی ہے، پہلی مرتبہ لیگ کے مکمل ایڈیشن کا پاکستان میں انعقاد، تمام فرنچائز مالکان کے لیے خوشی کا سبب ہے۔
یہی وجہ ہے کہ انھوں نے دسمبر میں پلیئرڈرافٹ اور چند روز قبل ریپلیسمنٹ ڈرافٹ کے ذریعے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا ہے، اس موقع پر فرنچائز مالکان نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے علی نقوی کا کہنا ہے کہ ’’دماغ سے‘‘حکمت عملی کے تحت بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ندیم عمر کا کہنا ہے کہ ہم نے پی ایس ایل 5 کیلیے متوازی اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے، اعزاز کا دفاع کرنے کیلیے پرعزم ہیں، پشاور زلمی کے جاوید آفریدی کے مطابق کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا محمد اکرم کی ذمہ داری ہے اور ہم ان کے فیصلوں پر فخر کرتے ہیں۔
کراچی کنگز کے اونر سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ ڈرافٹ کے دوران کراچی کنگز کا فلسفہ، ٹیم کے اہم ترین کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں برقرار رکھنا تھا،لاہور قلندرز کے عاطف رانا نے کہا کہ حارث رؤف کے بعد لاہور قلندرز اپنا پلیٹ فارم دلبر حسین اور فرزان راجہ جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کو فراہم کررہا ہے،ملتان سلطانز کے عالمگیر ترین کے مطابق محمد الیاس، روحیل نذیر، علی شفیق اور خوشدل شاہ کی اسکواڈ میں شمولیت پر ہم بہت پرجوش ہیں۔
یاد رہے کہ 20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں کل34 میچز کھیلے جائیں گے، افتتاحی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی پر شیڈول ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں