پندرہ سالہ پاکستانی طالبہ ایشل عامر نے ریاضی کے شعبے میں بہترین کتاب لکھ تر تاریخ رقم کردی ، پاکستانی طالبہ کی تحریر کردہ کتاب جس کا نام THE MATHEMATICAL EVOLUTION رکھا گیا ہے۔ایشل عامر کی کتاب ایمیزون پر بہترین فروخت کے ساتھ مقبولیت کے ریکارڈ قائم کررہی ہے، ایشل عامر کے والد عامر شہزاد کا کہنا ہے کہ ایشل انتہائی ذہین طالبہ ہے اور گزشتہ کئی سالوں میں اسکول کی بہترین طالبہ کا ایوارڈ بھی حاصل کرتی رہی ہے جبکہ ریاضی کے مضمون میں بھی انہوں نے ریکارڈ مارکس حاصل کیے ہیں۔ایشل عامر کئی عالمی مقابلوں میں انعامات بھی حاصل کرتی رہی ہیں، اس موقع پر THE MATHEMATICAL EVOLUTION کی مصنفہ ایشل عامر نے کہا کہ وہ شروع سے ہی ریاضی کے مضمون سے لگاؤ رکھتی ہیں اور ان کی کتاب میں ریاضی سے لگاؤ رکھنے والے افراد کے لیے انتہائی اہم معلومات موجود ہیں۔ دنیا کی ترقی میں ریاضی کا کردار ہے ریاضی کی تاریخ اور مختلف ادوار میں ریاضی کے کردار کے حوالے سے بھی معلومات فراہم کی گئی ہیں، اس کتاب میں پڑھنے والوں کو ریاضی کے شعبے کے کئی منفرد قوانین بھی پڑھنے کو ملیں گے جس سے ان کی ریاضی کے حوالے سے معلومات میں اضافہ ہوگا۔
ایشل عامر کے مطابق ان کی کتاب میں موجود اہم معلومات کی بناء پر بین الاقوامی ادارے ایمیزون نے ان کی کتاب کی فروخت شروع کی جو تیزی سے فروخت کے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔اس حوالے سے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے ایشل عامر کو اتنی کم عمر میں شاندار کتاب کی تصنیف پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشل عامر جیسے بچے پاکستانی قوم کا مستقبل اور قابل فخر اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ ایسے بچوں کی سرپرستی جاری رکھیں گے، رانا عابد حسین نے ایشل عامر کے لیے پاک جاپان بزنس کونسل کی جانب سے خصوصی نقد انعام دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔