جرمنی میں پاکستانی نژاد سائنسدان آصفہ اختر کا منفرد اعزاز

کراچی (نیوز ڈیسک) ڈاکٹر آصفہ اختر عالمی شہرت یافتہ جرمن ادارے ماکس پلانک سوسائٹی کے حیاتیات اور طب کے سیکشن کی سربراہی کرنے والی پہلی بین الاقوامی خاتون نائب صدر بن گئی ہیں۔ جرمنی کی ماکس پلانک سوسائٹی کو عالمی شہرت حاصل ہے۔ اس کے ذیلی اداروں ميں اعلیٰ درجے کی سائنسی تحقیق کی جاتی ہے۔

اس کی عالمی شہرت کی وجہ یہ بھی ہے کہ سن 1948 سے لے کر اب تک ماکس پلانک سوسائٹی کے 18 محققين نوبل انعامات حاصل کر چکے ہيں۔ ڈاکٹر اختر ماکس پلانک سوسائٹی یا ’ایم پی جی‘ کے بائیولوجی اور میڈیسن کے سیکشن کی نائب صدر کی حیثیت سے اس سیکشن کی انچارج ہوں گی اور وہ ماکس پلانک اسکولوں کے لیے کانٹیکٹ پرسن کی خدمات بھی سرانجام دیں گی۔انسٹی ٹیوٹ کی ویب سائٹ کو دیے گئے ایک بیان میں ڈاکٹر اختر نے کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو مستقبل کے لیے عملی حکمت عملی تشکیل دینے کا ایک بہترین موقع خیال کرتی ہیں۔ ان کے بقول، ’’اس عہدے کے متعدد پہلو ہیں، جس میں مواصلات، بین الاقوامیت، تنوع، نوجوان سائنسدانوں کے کیریئر کی ترقی اور مجموعی طور پر جرمن سائنسی عمل کو مستحکم بنانا شامل ہے۔

ڈاکٹر آصفہ اختر صنفی مساوات کے معاملے کو بھی آگے بڑھانا چاہتی ہے۔ ان کے بقول، ’’صنفی مساوات پر مسلسل کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔سائنس کی شعبے میں نمایاں خواتین موجود ہیں اور ہمیں ماکس پلانک سوسائٹی کے لیے ان خواتین کی خدمات حاصل کرنے کے سلسلے میں نہ صرف اپنے تمام تر وسائل استعمال کرنے چاہییں بلکہ ہر ممکن کوششں کرنی چاہیے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *