کارپٹ کی عالمی نمائش میں شرکت کیلئے غیر ملکیوںکی آمد شروع ،نمائش منگل سے شروع ہو گی

پاکستان کی اعلی معیار کی حامل کارپٹ مصنوعات کی دنیا میں مانگ ہے گزشتہ سال کی نسبت امسال زیادہ سودے ہونگے ،انڈسٹری کو سہارا ملے گا چیئرمین محمد اسلم طاہر کی زیر صدارت اجلاس
ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اورپاکستان کارپٹ مینو فیکچررز کے زیر اہتمام 15اکتوبر سے شروع ہونے والی عالمی نمائش میں شرکت کیلئے رجسٹریشن کرانے والے غیر ملکیوں کی آمد شروع ہو گئی جن کا پاکستان پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا ، غیر ملکی درآمدکنندگان سے روابط کے فروغ کیلئے کارپٹ مینو فیکچررز سے ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔
غیر ملکی درآمد کنندگا ن کا کہنا ہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور یہاں سکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، پاکستانی کارپٹ مصنوعات کی اعلی معیار کی وجہ سے دنیا بھر میں الگ پہچان ہے ۔ علاوہ ازیں چیئرمین ایسوسی ایشن محمد اسلم طاہر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نمائش کے چیف آرگنائزر اعجاز الرحمان ، وائس چیئرمین شیخ عامر خالد سعید ،کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف ، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک ، سینئر ممبر ان ریاض احمد، سعید خان ، میجر (ر) اختر نذیر ، محمد اکبر ملک سمیت دیگر نے شرکت کی ۔
چیف آرگنائزر اعجاز الرحمان نے شرکا کو 15سے 17اکتوبر تک منعقد ہونے والی نمائش کی حتمی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر ملکی مندوبین کو خوش آمدید کہنے اور ان کی ہاسپیٹلٹی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔ محمد اسلم طاہر نے کہا کہ قوی امیدہے کہ نمائش کامیابی سے ہمکنار ہو گی اور گزشتہ سال کی نسبت امسال زیادہ سودے ہوں گے جس سے ہماری انڈسٹری کو سہارا ملے گا۔
شرکا پر زور دیا گیا کہ نمائش میں معیاری اور دیدہ زیب ڈیزائنوں سے مزین مصنوعات کی نمائش کی جائے اور معیار پر کسی طرح کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے بھرپو رتعاون کیا جارہا ہے جس سے نہ صرف ہماری مصنوعات کی موثر مارکیٹنگ ہو گی بلکہ برآمدات کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ شرکا کو بتایا گیا کہ نمائش میں 35ممالک سے 105غیر ملکی درآمدکنندگان شرکت کریں گے جن سے روابط کو فروغ دینے کیلئے مقامی مینو فیکچررز سے ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *