ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کا اسلام آباد چیمبرکا دورہ

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا ۔ چیمبر کے صدر محمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امو رپر تبادلہ خیال کیا۔ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر محمد اعجاز عباسی، چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری اور ایگزیکٹو ممبر ضیاء چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ امن وامان قائم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور انشاء اللہ اپنی ذمہ داری پوری کرتے رہیں گے تاہم انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اس سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے۔
انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مفادات کے تحفظ کیلئے چیمبر کا کردار بہت اہم ہے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ماضی کی طرح مقامی انتظامیہ آئندہ بھی تاجربرادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مال بردار گاڑیوں کے اوقات مقرر ہیں تاہم نوٹیفیکیشن میں ترمیم کر کے انڈسٹریل ایریا میں کسی بھی وقت داخلے کی اجازت دے دی جائے گی۔ اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے اپنے خطاب میں ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کا چیمبر آنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ اوقات کے علاوہ انڈسٹریل ایریا میںمال بردار گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اس سلسلہ میں نرمی برتے تاکہ صنعتوں کو مال کی سپلائی و ترسیل میں کوئی رکاوٹ نہ پیش آئے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر نے ضرورت پڑنے پر ہمیشہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کا ایشو ہو، سوشل سیکورٹی کا یا کوئی اور معاملہ ہو چیمبر نے ہمیشہ افہام و تفہیم سے مسائل کو حل کرانے کی کوشش کی ہے۔ نہوںنے کہا کہ چیمبر نے تاجر برادری کے تعاون سے شاپنگ بیگ پر پابندی کے سلسلہ میں بھی مکمل تعاون کیا اور اسلام آباد میں ایک عمدہ مثال قائم کی گئی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ انتظامیہ چیمبر کے تعاون سے تاجر براری کے مسائل کو حل کرنے میں تعاون کرتی رہے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمٰن خان، فیڈڑیشن کے نائب صدر محمد اعجاز عباسی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ چیمبر اور مقامی انتظامیہ کے درمیان باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تا کہ مل جل کر مسائل کو حل کیا جائے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے سازگار ماحول قائم کیا جائے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *