پنجاب کی شوگر ملز نے کسانوں کو 1 ارب 36 کروڑ روپے نہیں دیے

پنجاب کی شوگر ملز نے کسانوں کو 1 ارب 36 کروڑ روپے سے زائد کی رقم اب تک ادا نہیں کی ہے۔

کسانوں کو رقم ادا نہ کرنے سے متعلق شوگر کین کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر آگئی۔رپورٹ کے مطابق رواں برس پنجاب کی 41 شوگر ملز نے کسانوں سے 1 کھرب 75 ارب 44 کروڑ روپے کا گنا خریدا تھا۔

شوگر ملز نے کسانوں کو 1 کھرب 74 ارب اور 8 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کیں جبکہ 1 ارب 36 کروڑ کی رقم اب بھی واجب الادا ہے۔شوگر کین کمیشن رپورٹ کے مطابق شریف خاندان کی 2 شوگر ملز نے رواں سال خریدے گئے گنے کے کروڑوں روپے ادا نہیں کیے۔

رپورٹ کے مطابق رمضان شوگر ملز کے ذمے کسانوں کے 46 کروڑ 34 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔رپورٹ کے مطابق ہارون اختر خان کی ملکیتی 2 شوگر ملز تاندلیانوالہ ون اور ٹو کے ذمے 26 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔

کمیشن کی رپورٹ کے مطابق العربیہ شوگر ملز نے 9 کروڑ 83 لاکھ روپے، چنار شوگر ملز 8 کروڑ 74 لاکھ روپےاور حسین شوگر ملز نے کسانوں کو 6 کروڑ 60 لاکھ روپے ادا نہیں کیے۔حق باہو شوگر ملز کے ذمے 4 کروڑ 90 لاکھ، شکر گنج ون اور ٹو کے ذمہ کسانوں کے 19 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مطابق ادائیگیاں مرحلہ وار کی جاتی ہیں، واجب الادا رقم بھی جلد ہی ادا کردی جائے گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *