پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح کے حوالے سے اہم خبر آگئی

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح 2.4 فیصد رہے گی۔
گزشتہ دنوں آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر برائے مڈل ایسٹ اور وسطی ایشیا جہاد آزور کی سربراہی میں وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزراء سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔
دورہ مکمل ہونے کے بعد آئی ایم ایف نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق آئی ایم ایف مشن نے اسلام آباد اور کراچی کا دورہ کیا، مشن پروگرام پر عمل درآمد کا جائزہ لینے پاکستان آیا تھا، آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد کا آغاز ہوا ہے اور پاکستان نے چند معاشی اعشاریوں میں مثبت پیش رفت کی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاشی ترقی کیلئے سخت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، ڈالر کا مارکیٹ ریٹ مقرر کیا گیا ہے، مانیٹری پالیسی کے ذریعے مہنگائی کو کنٹرول کیا جارہا ہے، مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح 2 اعشاریہ 4 فیصد رہے گی، افراط زرکم ہوگا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تیزی سے کم ہوگا۔ آئی ایم ایف کے بیان کے مطابق غیر ملکی کرنسی کی شرح تبادلہ کو مارکیٹ سے جوڑ دیا گیا ہے جس کے مثبت اثرات نظر آ رہے ہیں، آئی ایم ایف کی ٹیم اکتوبر کے آخر میں پھر پاکستان آئے گی اور جائزہ لے گی کہ ستمبر کے آخر تک کے اہداف کہاں تک پورے ہوئے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *