مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان کی ’لُک افریقہ‘ پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، رواں سال جولائی کے دوران متعدد افریقی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں رواں سال جولائی کے دوران ملاوی کو پاکستانی برآمدات میں 1254 فی صد اضافہ ہوا۔
عبدالرزاق داؤد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی ’لُک افریقہ‘ پالیسی کے باعث متعدد افریقی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے، تاہم یہ برآمدات موجودہ پوٹینشل کے مقابلے میں اب بھی کم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی مشکلات کے باوجود برآمدکندگان نے پاکستانی مصنوعات کی نئی برآمدی منڈیوں تک رسائی ممکن بنائی ہے، جبکہ برآمد کندگان کی کوششیں قابل ستائش ہیں، غیر روایتی برآمدی منڈیوں تک رسائی ہماری پالیسی کا حصہ ہے۔
مشیر تجارت کے مطابق گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں رواں سال جولائی کے دوران ملاوی کو برآمدات میں 1254 فیصد، لیبیا کو 914 فیصد، کیمرون کو 228 فیصد، کانگو کو 123 فیصد اور زمبابوے کو 103 فیصد اضافہ ہوا ہے۔