سنگاپور میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کے لیے دو اقساط میں مجموعی طور پر (178000) ایک لاکھ 78 ہزار سنگاپور ڈالر کا امدادی سامان پاکستان روانہ کردیا ہے۔ یہ سامان پہلے چارٹرڈ طیارے اور اب بحری جہاز کے ذریعے ایک کنٹینر میں روانہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمشنر رخسانہ افضال اور پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
رخسانہ افضال (پاکستانی ہائی کمشنر) نے کہا کہ میں سنگاپور میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے اِتنے کم وقت میں دن رات ایک کر کے فنڈز اکٹھے کئے اور وہ میڈیکل سامان خریدنے اور بھجوانے میں ہائی کمیشن کی مدد کی جس کی پاکستان اشد ضرورت تھی۔ ہماری ڈاکٹرز نے ہماری رہنمائی کی اورعبد الطیف صدیقی نے اپنی شپنگ کمپنی گلوبل ریڈینس سے پاکستان بھجوایا۔ سنگاپور کی پاکستانی کمیونٹی نے بے لوث جذبہ اور محبت کی ایک مثال قائم کی جس پر ہم جتنا بھی فخر کریں کم ہے۔
فرحانہ آصف (ڈپٹی ہائی کمشنر)نے کہا کہ سنگاپور میں مقیم پاکستانیوں کا جذبۂ حب الوطنی، فراخدلی، پیشہ ورانہ قابلیت اور تنظیمی صلاحیت انتہائی متاثر کن ہے۔ سفیر پاکستان کی رہنمائی میں ان پاکستانیوں کے ساتھ کام کرنے سے بہت سیکھنے کو ملا۔ امید ہے کہ یہ طبی امداد پاکستان میں کورونا وائرس کی روک تھام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
سنگاپور میں مقیم ایونٹ منیجر عزۃ وسیم نے کہا کہ وہ سنگاپور میں پچھلے آٹھ سال سے پاکستان کی ثقافت اور کلچرکو فروغ دینے کے لئے تقریبات منعقد کرتی رہی ہیں، گزشتہ ماہ ہائی کمشنر رخسانہ افضال سے کورونا سے متاثرہ اپنے پاکستانی بھائیوں کے لیے طبی امداد بھیجنے کی خواہش کا اظہار کیا، جس کا انہوں نے بھرپور خیرمقدم کیا اور ہم نے وقت کی کمی کے باوجود کافی کامیابی حاصل کی۔ سنگاپور میں مقیم پاکستانیوں نے اس کار خیر میں بھرپور حصہ لیا۔ اس میں ڈاکٹروں کی ذاتی حفاظت کا سامان بھی شامل ہے۔
گلوبل ریڈی اینس شپنگ کمپنی کے سی ای او، عبداللطیف صدیقی نے کہا کہ کووڈ19 سے پاکستانی ڈاکٹرز جو اس وقت اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر نبرد آزما ہیں اس سسلے میں پاکستانی کمیونٹی سنگاپور نے جو PPE کا انتظام کیا تھا اس کی شپمنٹ گلوبل ریڈینس نے بلامعاوضہ فراہم کی اور یہ ہماری طرف سے یہ ایک چھوٹی سے کوشش تھی اور پاکستان اور پاکستان میں بسنے والوں کے لئے ہم ہمیشہ تیار ہیں۔