اسلام آباد(اے پی پی)معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات و چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دیامربھاشاڈیم پرتعمیرات کا آغاز تاریخی اقدام ہے‘ منصوبے سے اسٹیل‘ سیمنٹ‘ تعمیراتی شعبوں کوفروغ حاصل ہوگا اور 16 ہزارنوکریاں پیداہوں گی۔
انہوں نے کہاکہ 64لاکھ ایکڑفٹ پانی کے ذخیرے سے 12 لاکھ ایکڑزرعی علاقہ سیراب ہوگا،منصوبے سے 4500 میگا واٹ سستی،ماحول دوست بجلی پیداہوگی۔ دریں اثناءواپڈا ترجمان کے مطابق یہ منصوبہ دریائے سندھ پر تربیلا ڈیم سے تقریباً 315 کلومیٹر بالائی جانب جبکہ گلگت سے تقریباً 180کلو میٹر اور چلاس شہر سے 40کلو میٹر زیریں جانب تعمیر کیا جارہا ہے ۔ منصوبہ 2028-29 میں مکمل ہوگا۔ڈیم میں مجموعی طور پر 81لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا جس کی بدولت 12لاکھ 30ہزار ایکڑ اضافی زمین سیراب ہوگی ۔منصوبہ کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4ہزار 500میگاواٹ ہے ، یہ نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطاً18ارب یونٹ بجلی مہیا کرے گا ۔