خیبر پختونخوا حکومت نے تعمیراتی صنعتوں پر ٹیکسز میں کمی کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت 6 فیصد ٹیکس کے بجائے اب 2 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا کے بورڈ آف ریونیو نے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تعمیراتی صنعتوں میں کیپٹل ویلیو ٹیکس، رجسٹریشن فیس، لوکل گورنمنٹ ٹیکس اور اسٹامپ ڈیوٹی کو ختم کردیا گیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 4 مختلف ٹیکسوں کی بجائے ایک ٹیکس لیا جائے گا جبکہ 6 فیصد ٹیکس کی بجائے اب 2 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔مراسلے کے مطابق ایک لاکھ پر 6 ہزار روپے ٹیکس اب 2 ہزار ہوجائے گا۔ تعمیراتی صنعتوں پر ٹیکسز میں کمی کے باعث مکانات کی خرید و فروخت میں آسانی ہوگی۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو خیبرپختونخوا سید ظفر علی شاہ نے جیونیوز کو بتایا کہ حکومت کا کام صرف پیسے کمانا نہیں بلکہ سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ لوگوں کے لئے آسانیاں بھی پیدا کرنا ہے۔