وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور خسرو بختیار کا کہنا ہے کہ جاپان کی جانب سے انسداد کورونا کے لیے تعاون پر شکر گزار ہیں، جاپان پاکستان سے تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔
جاپانی سفیر کی وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار سے ملاقات ہوئی ، اس دوران خسرو بختیار اور جاپانی سفیر کے درمیان سفارتی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات کے دوران خسرو بختیار نے کہا کہ جاپان کی ویسٹ مینجمنٹ کے لیے 7.4 ملین ڈالرکی مشینری فراہمی کو سراہتے ہیں، جاپان کا انرجی، ٹرانسپورٹ، انڈسٹری اور سوشل سیکٹر میں تعاون قابل ذکر ہے۔
خسروبختیار کا کہنا تھا کہ جاپان کی کراچی میں اربن فلڈ مینجمنٹ کے لیے تکنیکی معاونت قابل ستائش ہے، ہماری حکومت تعمیراتی اورمینوفیکچرنگ سیکٹرکو فروغ دے رہی ہے، جاپانی کمپنیاں مختلف ترقیاتی سیکٹرز میں رعایتی اسکیموں سے فائدہ اٹھاسکتی ہیں۔دوسری جانب خسرو بختیار سے ملاقات کے دوران جاپانی سفیر نے کہا ہے کہ جاپان پاکستان سے تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے اور پاکستان کے ساتھ قدرتی آفات سے بچاؤ، آبادکاری کے شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔