ہم میں سے اکثر لوگ ’نیند‘ کو شاید ایک لازمی فطری عمل سمجھتے ہیں، جو اپنے وقت پر ہر شخص کو اپنی آغوش میں لے لیتی ہے۔ تاہم حقیقت یہ ہے کہ وقت پر نیند آنا اور ضرورت کے مطابق مناسب نیند لینا اتنا آسان نہیں، جتنا کہ محسوس ہوتا ہے۔
امریکا کی ’نیشنل سلیپ فاؤنڈیشن‘ ہر شخص کو اس کی مخصوص ضرورت کے مطابق رات کو روزانہ 8سے 10گھنٹے نیند لینے کا مشورہ دیتی ہے۔ تاہم تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ کم عمر افراد (13سال سے 19سال) نیند کی کمی کا شکار ہورہے ہیں۔
اس حوالے سے 2015ء میں ایک اہم تحقیق سامنے آئی۔ یہ وسیع تر تحقیق امریکا میں 20سال کے مشاہدے کے بعد شائع کی گئی تھی۔ رپورٹ میں پہلی بار انکشاف کیا گیا کہ امریکا جیسے ترقی یافتہ ملک میں بھی بالخصوص ورکنگ کلاس، غریب طبقے سے تعلق رکھنے والی کم عمر لڑکیوں اور شہروں میں مقیم گہری رنگت کے بچوں کو نیند کی کمی کے مسائل کا زیادہ سامنا ہے۔
نیند کی کمی کا مطلب
کم عمر بچوں میں نیند کی کمی کا مطلب محض تھکا ہوا محسوس کرنے سے کہیں زیادہ ہے۔ نیند کی کمی نہ صرف بچوں کی تعلیم پر اثرانداز ہوتی ہے بلکہ یہ ان کی انی، دماغی اور جذباتی صحت کے لیے بھی انتہائی نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ نیند کی اہمیت کے پیشِ نظربہت سے لوگ صبح دیر سے اسکول شروع کرنے کی وکالت کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق، نیند کا معیار بہتر بنانے کے لیے والدین کو اپنے بچوں میں نہ صرف صحت مند عادتیں پیدا کرنی ہوں گی بلکہ ان کے حیاتیاتی گھنٹے (بائیولوجیکل کلاک) کو بھی ضابطہ میںلانا ہوگا۔ اس سلسلے میں مندرجہ ذیل مشورے فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں۔
خوشبوؤں کی اہمیت
تازہ اور نت نئی خوشبوؤں کے زندگی میں شامل ہونے سے آپ کے بچے خود کو پُرسکون محسوس کرسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف قسم کے ضروری آئل (Essential Oils) بچوں کے کمرے میں رکھنے سے آپ اسے ایک پُرسکون اور اچھا احساس پیدا کرنے والی جگہ میں بدل سکتے ہیں۔
نیوپورٹ اکیڈمی میں چیف کلینکل آفیسر باربرا نوزل کہتی ہیں، ’’مختلف قسم کے ضروری آئل خصوصاً لیوینڈرآئل مزاج میں سکون پیدا کرتے ہیں اور دماغ کو نیند کے لیے تیار کرتے ہیں۔ لیوینڈر تیل کے چند قطرے ڈفیوزر میں ڈال دیں، چند قطرے لے کر اپنے ہاتھوں اور کلائی پر مل لیں یا پھر لیوینڈر کے ساشے اپنے تکیے کے نیچے رکھ دیں۔ ایسا کرنے سے آپ اپنی نیند کے معیار میں واضح فرق محسوس کریں گے‘‘۔