مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ایکنک کااجلاس ہوا، جس میں ایکنک نے289ارب روپے مالیت کے 4 منصوبوں کی منظوری دیدی۔اعلامیہ کے مطابق سکھر حیدرآباد موٹر وے کی 165 ارب سے تعمیر کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ سکھر حیدرآباد موٹر وے کیلئے 24 ارب روپے سے اراضی خریدی جاچکی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق ایکنک نے ایم 8 شاہراہ کا ہوشاب، آواران، خضدار سیکشن منظورکر لیا ہے، ایم 8 مستقبل میں گوادر سے وسطی پاکستان تک تجارت کا اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔ایکنک نے سوات ایکسپریس وے کے چکدرہ تا فتح پور سیکشن کی بھی منظوری دے دی، جبکہ ضلع خیبر کو خیبر پاس اکنامک کوریڈور سے منسلک کرنے کی منصوبے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔اعلامیہ کے مطابق سوات موٹر وے ایکسٹینشن چکدرہ، سیدو شریف، مینگورہ، مٹہ، خوازہ خیلہ سے ہوتی فتح پور پہنچے گی، جبکہ سوات موٹروے ایکسٹینشن منصوبہ سیاحت اور تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔اعلامیہ کے مطابق خیبر پاس اکنامک کوریڈور این 55 کے باد بہر مقام پر پشاور طورخم موٹروے سے منسلک ہوجائے گا، جبکہ خیبر پاس اکنامک کاریڈور این 5 پر چمکنی اور جھگڑا کے مقام کو بھی ملائے گا۔