ایڈایشیا پاکستان میں مارکیٹنگ، ایڈورٹائزنگ صنعت کو نئی بلندیوں پر پہنچائے گی

30سال بعد پاکستان ایک مرتبہ پھرایڈ ایشیاء کی میزبانی کے فرائض انجام دے گا اور ایڈ ایشیاء کانگریس پاکستان میں مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ صنعت کو نئی بلندیوں پر پہنچائے گی ۔ ایڈ ایشیاء 2019 3سے 5 دسمبر 2019تک لاہور کےایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی جبکہ اس کانگریس میں برطانیہ کے سابق سیکرٹری آف اسٹیٹ لارڈ ولیم ہیگ،سی این این کے چیف بزنس کو ریسپانڈنٹ – رچرڈ کوئیسٹ، زکربرگ میڈیا کی بانی اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر – رینڈی زکربرگ، مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق مارکیٹنگ ڈائریکٹر – پیٹر ڈریپر، سمیت نامور شخصیات مقررین کی حیثیت سے شریک ہونگے۔ اس بات کا اعلان ایڈ ایشیا2019 کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین سرمد علی نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پروقار تعارفی تقریب میں کیا۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر جاوید جبار نے کہا کہ ایڈ ایشیاء کی میزبانی پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے جبکہ پاکستان ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین علی مانڈوی والا نے خطاب میں کہا کہ ایڈ ایشیاء کانگریس سے ترقی کی رفتار کو تیز تر کیا جاسکے گا۔ سرمد علی نے مزید کہا ہے کہ ایڈ ایشیا ایڈورٹائزنگ کی صنعت سے متعلق ، براعظم ایشیا میں ہونے والی، نامور اور وسیع ترین کانگریس ہے۔ اس سلسلہ کا آغاز1958 میں ہوا اور آج تک ہردو سال میں ایک مرتبہ، ایشین فیڈریشن آف ایڈورٹائزنگ ایسو سی ایشنز (AFAA) اس کانگریس کا انعقاد کرتی ہے ۔ ایڈ ایشیا 2019 اس سلسلے کا 31 واں اور پاکستان میں منعقد ہونے والا دوسرا اجلاس ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو اس کانگریس کا افتتاح کرنے کے لئے مدعو کیا گیا ہے ، جس کا موضوع ہے : Celebrasian: Celebration of Advertising and Creativity in Asia ۔ کانگریس کا انعقاد ، پاکستانی ثقافت سے مالا مال ، تاریخی شہر لاہور میں کیا جا رہا ہے تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تصور کو فروغ دیا جائے ۔ پاکستان کے لئے یہ قابل فخر کارنامہ ہے کہ ہم تیس سال بعد ایک بار پھر ایڈ ایشیاء کی میزبانی کررہے ہیں سنہ ء1989 میں پاکستان میں ہونے والا ایڈ ایشیا بھی ایک یاد گار کانگریس تھی جس کے شرکاء کو قیمتی معلومات ترقیاتی سمت اور حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا تھاجس کے باعث پاکستان کی ایڈورٹائزنگ صنعت میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوا تھااس سال ایک پھر ہمارا عزم ہے کہ پاکستان میں ہونے والے اس ایڈ ایشیا2019ء کی بدولت اپنی مارکیٹنگ اور ایڈور ٹائزنگ کی صنعت کو نئی بلندیوں پر پہنچائیں گے۔جاوید جبار نے کہا ہے کہ 30 سال بعد ایڈ ایشیاء کانگریس کی ایک مرتبہ پھر میزبانی کرنا پاکستان کے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے ۔دنیا کے کچھ خطوں میں غیر منصفانہ طور پر پاکستان کی ساکھ پر مرتب ہونے ہوالے منفی اثرات کو زائل کرنے کے سلسلے میں یہ شاندار کانگریس ایک اہم اقدام ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *