اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری، اوورسیز پاکستانیوں کو نئی سہولت دینے کا فیصلہ

حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ’’روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ‘‘کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے وہ اسٹاک مارکیٹ میں آسانی کے ساتھ سرمایہ کاری کرسکیں گے۔

سی ڈی سی کے سی ای او بدیع الدین نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا قابلِ قدر اقدام ہے، بیرون ملک موجود پاکستانیوں کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی اجازت سیکیوریٹیز ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کے سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے خواہش مند بیرون ملک پاکستانی موثر، محفوظ اور آسان طریقہ کار کے ذریعے سرمایہ کاری کرسکیں گے، سی ڈی سی معلوماتی محور کے طور پر کام کرنے جارہی ہے جس سے اسٹاک مارکیٹ کو بینکوں کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔

سی ڈی سی کے سی ای او نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری شروع کرنے کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے سوا کسی اضافی چیز کی ضرورت نہیں، صرف اپنے متعلقہ بینک کو سی ڈی سی سے منسلک ہونے کی اجازت دینے کی ضرورت ہوگی اور وہ اگلے 24 گھنٹے میں کسی اضافی معلومات یا دستاویزات کے بغیر اسٹاک مارکٹ میں سرمایہ کاری کرسکیں گے۔

بدیع الدین نے مزید کہا کہ سی ڈی سی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے نامزد بینکوں کے ساتھ اس منصوبے پر کام کررہی ہے، یہ سروس اوورسیز پاکستانیوں کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی فراہمی کے ساتھ دستیاب ہوگی جسے بہت جلد متعارف کرایا جائے گا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *